بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات، 3 ہزار سکھ یاتریوں کی میزبانی کے انتظامات مکمل

22 نومبر سے یاتریوں کی آمد شروع، ننکانہ صاحب میں 24 نومبر کو مرکزی تقریب، واپسی 2 دسمبر کو ہوگی

November 10, 2026 · قومی

بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات، 3 ہزار سکھ یاتریوں کی میزبانی کے انتظامات مکمل

سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے تقریباً 3 ہزار یاتریوں کی میزبانی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ یاتریوں کی آمد 22 نومبر سے شروع ہوگی، جبکہ 24 نومبر کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی سالگرہ تقریب منعقد ہوگی۔ شیڈول کے مطابق بھارتی یاتری 2 دسمبر کو واہگہ کے راستے واپس روانہ ہوں گے۔

گزشتہ روز پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان اور پنجاب کے وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں تقریباً حتمی شکل دے دی گئی۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ، جنرل سیکرٹری ستونت کور، ڈاکٹر صاحب سنگھ نمایاں، ڈاکٹر میمپال سنگھ، گیان سنگھ چاولہ، ستونت سنگھ، ہرمیت سنگھ، تارا سنگھ، مہیش سنگھ، بھگت سنگھ اور سروانت سنگھ نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز نے بتایا کہ بھارت سے 2 ہزار 300 سے 2 ہزار 700 تک یاتریوں کی آمد متوقع ہے، جن کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے پنجاب حکومت کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا گیا۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گوردواروں کی تعمیر و مرمت پر اظہار تشکر کی قرارداد بھی منظور کی گئی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانے سکھ سنگت کو ویزے جاری کرنے کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں اور پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری بھی کھلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ سکھوں کو عالمی قوانین کے مطابق درشن کی اجازت دے، جبکہ پاکستان تاریخی مہمان نوازی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اجلاس میں یاتریوں کی سہولت کے لیے ایئرکنڈیشنڈ بسوں، طبی سہولیات، معدنی پانی اور کرنسی ایکسچینج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہر 20 بسوں کے قافلے کے ساتھ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور سیکیورٹی دستوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔