لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری زمین پر قابض شخص کی اپیل مسترد کردی

حکومت اپنی زمین کے استعمال کا طریقہ اپنی صوابدید کے مطابق تبدیل کرسکتی ہے۔

November 11, 2026 · قومی

لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری زمین پر قابض شخص کی اپیل مسترد کردی

لاہور: ہائیکورٹ نے سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والے شخص کی اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ناجائز قابض کو سرکاری زمین کے استعمال میں تبدیلی پر اعتراض کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مسعود احمد کی اپیل پر چھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جسے عدالتی نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔ فیصلہ جسٹس مزمل اختر شبیر نے تحریر کیا۔

عدالت نے پاکپتن میں 76 کنال سرکاری زمین کی اسکیم تبدیل کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی زمین کے استعمال کا طریقہ اپنی صوابدید کے مطابق تبدیل کرسکتی ہے۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ناجائز قابض کسی قانونی کارروائی میں متاثرہ فریق ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتا اور سرکاری زمین پر قبضہ کرنے سے کوئی قانونی حق پیدا نہیں ہوتا۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ سابقہ عدالتی حکم میں شامل عارضی مشاہدات سے بھی کسی شخص کے حق میں قانونی حق قائم نہیں ہوتا۔

ہائیکورٹ نے سنگل بینچ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے اپیل مسترد کردی اور فیصلہ دیا کہ متعلقہ سرکاری زمین اب لمبرداری اسکیم کے تحت الاٹ کی جائے گی۔