حکومت جماعت اسلامی کے دباؤ کے بغیر ریلیف نہ دیتی، حافظ نعیم الرحمان

مذاکرات کا فائنل راؤنڈ آج ہوگا، احتجاج جاری رہے گا، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا۔

November 11, 2026 · اہم خبریں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت ہرگز عوام کو ریلیف نہ دیتی اور احتجاج نہ کرنے کی صورت میں پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچ جاتی۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج سے دستبردار نہیں ہوئی ہے اور احتجاج کے ساتھ ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 نومبر کو کوئٹہ جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا، جس کے بعد خیبر پختونخوا اور کراچی میں بھی عوامی اجتماعات منعقد ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے انکشاف کیا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی ذیلی کمیٹی کے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ آج وزارت خارجہ کے کمیٹی روم میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ اب تک مذاکرات کے 9 ادوار ہو چکے ہیں جن میں پٹرولیم لیوی کا معاملہ زیر بحث رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے زور دیا کہ تیل پر لیوی کا خاتمہ اور گیس امپورٹ کے مافیا کا صفایا کیا جائے کیونکہ مہنگا تیل، مہنگی بجلی و گیس اور ٹیکسوں کا بوجھ اب عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔

حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز کا ایک مضبوط کارٹیل فعال ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تفریق نہیں ہے اور یہ سب مل کر عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بڑی گاڑیوں پر امپورٹ ٹیکس میں اضافہ کرے اور پٹرولیم لیوی چھوٹی گاڑیوں کے بجائے ان بڑی گاڑیوں پر عائد کی جائے، جبکہ ٹریکٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ریلیف پیکیج میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے اور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایل پی جی کی قیمتیں بھی بازار میں کہیں دستیاب نہیں ہیں۔