ستھرا پنجاب میں فراڈ روکنے پر ٹی وی چینل نے بلیک میلنگ شروع کردی،عظمیٰ بخاری
بلیک میلنگ میں آئیں گے نہ کسی کے کاروبار کا تحفظ کریں گے، ایکس پر بیان
فائل فوٹو
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نجی ٹی وی چینل ’سما‘ پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام میں ٹھیکیداروں کے ذریعے مبینہ فراڈ کی کوشش روکنے پر بلیک میلنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا اور اب پنجاب حکومت کے خلاف ایک منظم پراپیگنڈا چلایا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے مؤقف اختیار کیا کہ مبینہ بلیک میلنگ کو حکومت کی جانب سے خاطر میں نہیں لایا گیا، جس کے بعد صورتحال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوریج روکی گئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ حکومت کسی دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی اور نہ ہی کسی کے ذاتی کاروبار کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب، اس معاملے اور عائد کیے گئے الزامات پر نجی ٹی وی چینل ’سما‘ کی انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک مخصوص ٹی وی چینل آج سے محکمہ تعلیم پنجاب کو نشانہ بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو سیاست سے پاک رہنے دیا جائے اور اس صورتحال پر افسوس ہے۔
رانا سکندر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ ڈرنے والے نہیں اور ڈٹ کر سچ بولتے رہیں گے۔