کراچی: تحریک انصاف کا کراچی میں ہونے والے جلسہ پارٹی میں شدید اختلافات کی وجہ بن گیاہے،جلسے میں عمران خان کی آمد سے قبل پی ٹی آئی 2دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ۔نجی ٹی وی نے دعویٰ کیاہے کہ عمران خان کی کراچی کے جلسے میں آمد سے قبل تحریک انصاف 2گروپوں میں بٹ گئی ، حلیم عادل شیخ ، عمران اسماعیل ، فیصل واڈا اور ڈاکٹر عامر لیاقت نے ایک گروپ جبکہ فضا شمیم ، علی زیدی ، اسد عمر اور ڈاکٹر عارف علوی نے دوسرا گروپ بنا لیا اور ایک دوسرے پر سخت ترین الزامات عائد کیے گئے ۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے حکیم سعید گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی سے جھگڑے کا ذمہ دار علی زیدی کو قرار دیتے ہوئے ان پر سستی شہرت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا جبکہ انہوں نے پارٹی ہائی جیک کرنے کا بھی علی زیدی اور اسد عمر پر الزام لگایا ۔اس موقع علی زیدی نے فیصل واڈا پر چڑھائی کی کوشش کی اور اس دوران شور شرابا ہوا جس پر فیصل واڈا کے گارڈ نے علی زیدی پر اسلحہ تان لیا تاہم کسی قسم کا کوئی بھی سنگین حادثہ پیش نہیں آیا ۔