اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان کو بھارت ایسے پیش کر رہا ہے جیسے پاک فوج بھارت میں دہشت گردی کروارہی ہو۔ اسلام اباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کے بیان پر بھارت میں خوشیاں منائیں گئیں۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان پر الزام عائد کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ انتہا پسندوں کو بھارت پہنچایا ہے۔ ہمیں پاکستان کے خلاف جاری اس کھیل کو سمجھنا ہوگا، بھارتی اور اسرائیلی لابی نے مل کر پاکستان کے خلاف مشترکہ بیانیہ اپنایا کیونکہ اسرائیلی لابی کی بھارت کو حمایت حاصل ہے۔ بھارت بڑی تیزی سے طاقت کے ساتھ اپنا موقف دنیا میں پھیلارہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنی حکومت کے 5 برسوں میں اس واقعے کی تحقیقات کیوں نہیں کروائی؟ اس کی تحقیقات کرنے سے اگر کوئی آپ کو روک رہا تھا تو آپ نے کیوں نہیں بتایا اور وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کا ٹولہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جانا چاہیئے۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان کے تحقیقاتی اداروں کو نواز شریف کے صاحبزادوں کے کاروبار کی تحقیقات کرنا چاہیئے تاکہ یہ بات منظر عام پر آسکے کہ ان کے بھارتی کاروباری شخصیات کے ساتھ کتنے کاروبار ہیں کیونکہ اس سے قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔