ممبئی حملہ کیس میں اہم پیشرفت: 2پاکستانی گواہوں کی طلبی کے سمن جاری

ممبئی حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔عدالت نے استغاثہ کے آخری گواہ2پاکستانی گواہوں کی طلبی کے سمن جاری کیے ہیں۔گواہوں میں ایڈیشنل جنرل ایف آئی اے واجد ضیا اورزاہد اختر شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میںممبئی حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران آج استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے گواہ سہیل صادق کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔عدالت نے کہا کہ اب کیس حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے صرف دو پاکستانی گواہوں کا بیان ریکارڈ ہونا باقی ہے۔عدالت نے بھارتی گواہوں کے حوالے سے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو حکم جاری کیا کہ آئندہ سماعت پر جو بھارتی گواہ ہیںان کی طلبی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے کہ وہ کب اور کس طرح سے آکر اپنا بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں۔اس حوالے سے عدالت نے حکم دیا کہ عدالت کے بار بار کہنے کے باوجودجنوری 2016سے بھارتی گواہوں سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیااور23مئی تک بھارتی گواہوں کی دستیابی سے متعلق جواب جمع کرایا جائے۔