لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے دیا اور درخواست گزاروں کو متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے خلاف پاکستان عوامی تحریک سمیت دیگر نے لاہور ہائی کورٹ میں غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لئے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ناقابل سماعت قرار دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو پہلے متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے 14 مئی کو لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے ۔