کراچی: کے الیکٹرک حکام نے وزیراعظم کے احکامات کو بھی نظر انداز کردیا۔ رمضان المبارک کے پہلے روز بھی کراچی کے شہری لوڈشیڈنگ جھیلنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے رمضان المبارک کے پہلے روز بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے حکام کو سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے تاہم کے الیکٹرک حکام نے وزیراعظم کے احکامات کو بھی نظر انداز کردیا اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ کراچی کے شہریوں کو رمضان کی پہلی سحری بھی اندھیرے میں کرنا پڑی۔ ذرائع کے مطابق لانڈھی، کورنگی ، ایف سی ایریا، سرجانی ٹاؤن، کیماڑی، نارتھ کراچی میں بجلی غائب رہی۔ سو کواٹر، چا ر پول، ترک محلہ بلدیہ ٹاوٌن اسکیم 33، سرجانی سیکٹر 7 اے اور بی 4 میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ اولڈ سٹی ایریا، مشرف کالونی میں بھی شہری اندھیرے میں سحری کرنے پر مجبور رہے جبکہ کورنگی، لانڈھی، گلشن اقبال، گارڈن، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں سحری کے وقت بجلی معطل رہی۔