نقیب اللہ قتل کیس*راؤانوارکوسب جیل میں رکھنے پرتحریری اعتراضات جمع

کراچی:نقیب اللہ قتل کیس میں مقتول کے والد نے راؤانوارکو سب جیل میں رکھنے پرتحریری اعتراضات عدالت میں جمع کرادیئے  ہیں۔ نقیب اللہ کے والد کے وکیل فیصل صدیقی نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق ایس ایس پی ملیرراؤانوار کو جیل کے بجائے سب جیل قرار دی گئی ان کی رہائش گاہ میں رکھنے پراپنے اعتراضات جمع کرائے ہیں۔ تحریری اعتراض میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ مفرورراؤانوارکو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے بعد گرفتارکیا گیا، راؤ انوارکوسپریم کورٹ کی ہدایت پرریمانڈ کے لئے منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا، ایک ماہ کے ریمانڈ کے بعد ملزم کو جیل بھیجا گیا، ملزم نے کسی قسم کے سیکیورٹی خدشات کی شکایت نہیں کی لیکن اس کے باوجود 21 اپریل کو آئی جی جیل خانہ جات نے زبانی احکامات پرملتان لائنزملیر کینٹ کو سب جیل قرار دے دیا، سب جیل قراردینے کا کوئی نوٹیفیکیشن بھی پیش نہیں کیا گیا، راؤ انوار کو جیل کے بجائے سب جیل میں رکھنا غیرقانونی قراردیا جائے۔