اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ جو لوگ ڈالر اکاؤنٹ رکھتے ہیں ان کے لیے ٹیکس فائلر ہونا لازم ہوگا اورنان ٹیکس فائلر ڈالر اکاؤنٹ نہیں رکھ سکیں گے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پربحث کرتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نےکہا کہ سمندرپار پاکستانیوں کے ملک میں زرمبادلہ بھیجنے پر کوئی پابندی نہیں، اگر سمندر پار پاکستانی ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ بھیجیں گے تو ذرائع پوچھے جائیں گے، ایک کروڑ روپے سے زائد کے زرمبادلہ آئے تو ایف بی آر پوچھ گچھ کرے گا اور پیسے بھیجنے والے کو ذرائع آمدن بتانا ہوں گے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ ڈالر اکاؤنٹ رکھتے ہیں ان کے لیے ٹیکس فائلر ہونا لازم ہوگا، نان ٹیکس فائلر ڈالر اکاؤنٹ نہیں رکھ سکیں گے اور اب 50 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی خرید سکیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پربات کرتےہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم افراد پیسہ وطن لاکر2 فیصد ٹیکس ادا کرکے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بیرون ملک مقیم افراد پیسہ ڈکلیئر کرکے باہر رکھیں تو 5 فیصد ٹیکس ادا کرکے اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ جو بیرون ممالک میں غیرمنقولہ پراپرٹی ظاہر کرے وہ 3 فیصد ٹیکس دےکراسکیم سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔