راولپنڈی:چین کی سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب سربراہ جنرل ژانگ یوگزیا نے جمعہ کو جنرل ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ ان کی ملاقات سے پہلے وفود کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اوردونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات پرتبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد پر مبنی ہے اور چین ہر دور میں پاکستان کا بااعتماد دوست رہا ہے ۔ اس موقع پرچینی جنرل نے کہا کہ پاکستان اورچین فولادی بھائی ہیں اورہر دورمیں ایک دوسرے کے دوست اوراسٹریٹیجک پارٹنررہے ہیں۔ پاکستان اورچین باہمی اعتماد ، باہمی تعلقات اورباہمی مدد کی روایت رکھتے ہیں۔ چین دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین دونوں کیلئے فائدہ مند ہے اورسی پیک کے منصوبوں کی سیکیورٹی کے سلسلے میں پاک فوج کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ چین سی پیک کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاکستان سے قریبی تعلقات کو فروغ دے گا۔ اس موقع پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعان کے کئی معاہدوں پربھی دستخط کئے گئے۔ چینی جنرل نے یادگارشہدا پرپھول بھی چڑھائے۔ اس سے پہلے پاک فوج کے چاق و چوبند دسے نے چینی جنرل کو گارڈ آف آنرپیش کیا۔