واشنگٹن: امریکا نے اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ پاکستان خطے کے تحفظ میں اس کا پارٹنر رہے گا اورجنوبی ایشیا میں علاقائی امن کیلئے مزید اقدامات کرے گا۔ پینٹاگون میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ دفاع ڈانا وائٹ نے افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے تاہم انھوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ پاکستان اورافغانستان دہشت گردوں کی معاونت بھی کرتے رہے ہیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں سیکیورٹی کیلئے مزید کام کرسکتا ہے۔ ان سے جب سابق وزیراعظم نوازشریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے بارے میں سوال کیا گیا توان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے یہ ایک اہم موڑ ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا توقع کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان برقراررکھنے میں اہم کردارادا کرے گا۔