اسلام آباد:رمضان المبارک میں پھلوں اورسبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ایڈووکیٹ ذوالفقاراحمد بھٹہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کابینہ ، سیکریٹری ٹریڈ اینڈ کامرس اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ رمضان المبارک میں غریب آدمی افطاری کے لیے اچھی خوراک کے حصول کا اہتمام کرتا ہے لیکن حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث کچھ کاروباری اشخاص پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ پھلوں اورسبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب آدمی بھوک کا شکار ہے، لہٰذا ان چیزوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ رمضان میں کیلا 250 روپے فی درجن، سیب اور آم 200 روپے فی کلو فروخت کئے جارہے ہیں جبکہ کرپٹ مافیا کے باعث عام آدمی پھلوں اور سبزیوں کو خریدنے کی قوت کھوچکا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے رمضان میں برآمدات پرپابندی لگائی جائے، اس کے علاوہ پھلوں اور سبزیوں کی قلت سے بچنے کیلئے برآمدات سے متعلق پالیسی بنائی جائے۔ یہ بھی استدعا کی گئی کہ اشیاء خوردونوش کی عام آدمی تک رسائی کے لیے مربوط حکمت عملی بنانے کا حکم دیا جائے۔