سندھ کی نگران کابینہ نے حلف اٹھالیا

کراچی: نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان کی 7 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران گورنر محمد زبیر نے کابینہ اراکین سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیراعلیٰ فضل الرحمان سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
نگران کابینہ میں خیر محمد جونیجو، جمیل یوسف، ڈاکٹر جنید شاہ، کرنل (ر) دوست محمد چانڈیو، ڈاکٹر سعدیہ رضوی، سائمن جون ڈینیل اور مشتاق علی شاہ شامل ہیں۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان اور ان کی کابینہ کے ارکان نے مزار قائد پر حاضری دی ۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صاف اور شفاف انتخابات ہماری ذمے داری ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سیل قائم کر دیا ہے، بدعنوانی کی روک تھام کے لیے نیب کا ادارہ موجود ہے۔