چوہدری نثار کو نواز شریف کا اعتماد حاصل تھالیکن اب نہیں ہے،رانانثااللہ

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ اس لئے جاری نہیں کیا گیا کہ انہوں نے پارٹی ٹکٹ کے لئے اپلائی نہیں کیا تھا اور بتایا جائے کہ کس پارٹی رہنما کو بغیر درخواست دیئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ؟۔
انہوںنے کہاکہ چوہدری نثار نے ہمیشہ خود کو پارٹی میں سب سے بڑا سمجھا اور اس بات کا جواز یہ تھا کہ ان کو نواز شریف کا اعتماد حاصل تھا لیکن اب اعتماد کی وہ صورتحال نہیں رہی جو پہلی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ اگر چودھری نثار کے حلقے سے کسی نے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست کی ہوئی تو اس کو پارٹی ٹکٹ جاری کردیا جائے گا کیونکہ چودھری نثار نے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں دی تھی لیکن اگر پارٹی قائد اور پارٹی صدر اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا چاہیں تو وہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کو نظر ثانی کیلئے کہہ سکتے ہیں۔