کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی، آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار

لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال میں داخل کردیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر ہیں ۔ کلثوم نواز کی طبیعت کے حوالے سے ڈاکٹروں نے آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے گزشتہ روز کلثوم نوازکا گھر میں معائنہ کیا اورکمزوری کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے دعا کریں۔
کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی والدہ کو اس وقت اچانک دل کا دورہ پڑا، جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے۔ ان کی والدہ اب آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں، ساتھ ہی انہوں نے قوم سے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔
نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کو نازک حالت کے باعث آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور پورا خاندان کلثوم نواز کے لئے دعائیں کررہا ہے۔ انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ ان بابرکت دنوں میں کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کریں۔
خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز پچھلے کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔