قرضوں سے نجات کے لئے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ چیف جسٹس

لاہور: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ کر کے انھیں دلی سکون ملا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے عید کا دن فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ کرکے منایا۔ چیف جسٹس نے مریضوں میں تحائف تقسیم کئے اورادارے کو ایک لاکھ روپےعطیے کا چیک بھی دیا۔
اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہماری آنے والی پانچ نسلیں مقروض ہو چکی ہیں۔ قرضوں سے نجات کے لئے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہماری پانچ نسلیں جو دنیا میں بھی ابھی نہیں آئیں ہم ان کا حق لے کر کھا چکے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وہ قوم کو قرض سے نجات دلانے اور پانی فراہم کرنے کے اہم مسئلے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ فاؤنٹین ہاؤس میں جس قسم کے انتظامات موجود ہیں ویسے انتظامات کسی سرکاری اسپتال میں بھی موجود نہیں ہیں۔
انھوں نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری صحت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔