لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر پورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکار کی فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی جس کے بعد اے ایس ایف حکام اور حساس اداروں نے اہلکار کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک روانگی لاؤنچ میں ڈیوٹی پر تعینات اے ایس ایف اہلکار فیصل کی بندوق سے فائرنگ ہوئی جس کے بعد بھگڈر مچ گئی۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس ایف حکام اور حساس ادارے تحقیقات کے لئے لاؤنچ میں پہنچ گئے اور اہلکار کو حراست میں لے لیا۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق اہلکار فیصل اپنے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا کہ پستول سے فائر ہوگیا جس کے بعد مسافر اپنا سامان چھوڑ کر بھاگ گئے اور کھلبلی مچ گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق اے ایس ایف اہلکار فیصل کو گرفتار کرکے اس کا اسلحہ ضبط کرلیا گیا ہے اور تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔