ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل میں جمع ہونا شروع

ملک بھرمیں اپیلٹ ٹربیونلزنے کام شروع کردیا جس کے بعد 22 جون تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں پراپیلیں دائر ہوں گی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ٹریبونل میں اپیل جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے والے امیدوار آج سے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل میں دائر کرسکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھرکے 849 حلقوں کیلئے 21 اپیلٹ ٹربیوبلز بنائے گئے ہیں۔اسلام آباد کے لئے ایک، خیبر پختوانخوا میں 6، پنجاب میں 8، سندھ میں 4 اور بلوچستان میں 2 ٹریبونل قائم کیے گئے ہیں۔اپیلٹ ٹربیونلزنے کام شروع کردیا جس کے بعد 22 جون تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں پراپیلیں دائرہوں گی۔ اپیلٹ ٹربیونلز23 سے 27 جون تک اپیلوں کونمٹائیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 میں ان سے متعلق ریٹرننگ افسر کا فیصلہ آئین سے متصادم ہے۔
درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ ایپیلٹ ٹربیونل آر او کی جانب سے عمران خان سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے۔
یاد رہے کہ ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال گزشتہ روز مکمل کرلی تھی۔