پیپلز پارٹی کا چنددنوں میں پارٹی کا انتخابی منشورلانےکا اعلان

لاہور: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں پی پی پی والے شہادتیں ڈھول بجا کر مناتے ہیں، ہم فخریہ طور پر یہ کرتے ہیں، انہوںنے کہاکہ جن کو اپنے شہیدوں پر فخر ہوتا ہے وہ ڈھول بجا کر ہی ان شہادتوں کو مناتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے چند دنوں میں پارٹی کا انتخابی منشور لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’سب کا پاکستان‘ کا خواب بھٹو اور بی بی نے دیکھا تھا ہم اس کی تجدید کریں گے۔
قمر زمان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کا فرنٹ مین بھی نیب زدہ ہے، پورے خاندان پر نیب کے کیسز ہیں اور میاں صاحبان کیسز سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ خوش حال پنجاب میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے، عدالتوں نے 56 کمپنیوں میں کرپشن کیس نکال لیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھی مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا، خان صاحب شوکت خانم چلاتے ہیں اس کی تعریف ساری دنیا کرتی ہے لیکن آپ نے پانچ سال میں کون سا نیا پروگرام دیا۔