ایم کیوایم پاکستان نے پارٹی امیدواروں کا اعلان کردیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان  کی رابطہ کمیٹی نے عام انتخابات کے لئے کراچی سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ایم کیوایم کے عارضی مرکزبہادرآباد میں ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنما فاروق ستار بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے انتخابات میں ایم کیوایم پاکستان کے کراچی سے امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی کراچی سے اہم نشست این اے 243 سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مقابلے کے لئے ایم کیوایم نے علی رضا عابدی کا نام فائنل کیا ہے۔

این اے 246 لیاری سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مقابلے میں پارٹی کی جانب سے محفوظ یار خان کو منتخب کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ 253 میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے مقابلے میں اسامہ قادری کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی این اے 255 سے الیکشن میں حصہ لیں گے جبکہ فاروق ستار این اے 245 اور 247 میدان میں اتریں گے۔

خواجہ اظہار الحسن صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 124 سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ایم کیوایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، بہادرآباد یا پی آئی بی کے نہیں۔

انھوں نے کہا کہ میرا کردارتنظیم کو مضبوط بنانا ہے، میں ایم کوایم پاکستان کی انتخابی مہم چلاؤں گا، مجھے کاغذا ت نامزدگی واپس لینے دیں، عامرخان کی طرح مجھےالیکشن سے باہر رہنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن ہمارے لئے آزمائش ہے، ہمارے الگ ہونے سے مخالفین خوش تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دفتر ہمیں واپس ملنے چاہیئں، چھاپے اور گرفتاریاں بھی بند ہونا چاہئیں۔

ڈاکٹر فاروق ستارنے ایک بار پھرانتظامی یونٹس بنانے کا مطالبہ کیا۔