زرداری اورفریال تالپورکانام اسٹاپ لسٹ میں شامل،بیرون ملک سفرپرپابندی عائد

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیاہے۔
ایف آئی اے کے مطابق آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ 7افراد کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کا بتانا ہےکہ جن دیگر 7 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے ہیں ان میں چیئرمین سمٹ بینک نصیرعبداللہ لوتھا، اےجی مجید، انور مجید، نازلی مجید، اقبال خان نوری مصطفیٰ ذوالقرنین اور علی کمال مجید شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔
ذرائع کےمطابق نصیر عبداللہ اور انور مجید آصف زرداری کے قریبی دوست اور بزنس پارٹنر بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کی جانب سے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حکم پر عارضی طور پر اسٹاپ لسٹ بنائی ہے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کمیٹی کے اجلاس تک یہ افراد اسٹاپ لسٹ میں شامل رہیں گے اور کمیٹی کی منظوری کےبعد ان کےنام ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی منظوری سے اسٹاپ لسٹ ایسے افراد کے لیے بنائی گئی ہے جو فوری طور پر قانون کو مطلوب ہوں اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا لازمی ہو۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ دنوں اسی کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو بھی گرفتار کیا ہے۔