ملتان : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے استقبال کیلئے آنے والے کارکنان کو روکا جارہا ہے،پشاور میں بھی جلسے کی اجازت دی پھر منع کردیا گیا۔انہوں نے کہاکہ تمام رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا۔میں شہید بی بی کےمشن کو آگے بڑھانا چاہتاہوں،شہید بی بی چاہتی تھیں عوام کے مسائل حل ہوں،سیاسی جدوجہد کا آغاز کرنے جارہا ہوں، جو وعدے میں کروں گا وہ پورے کرکے دکھاؤں گا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ میں پیپلزپارٹی اور پاکستان کا منشور لیکر آیا ہوں،پیپلزپارٹی کا منشور عوام اور کسان دوست منشور ہے،پاکستان پیپلزپارٹی نےہمیشہ غریبوں کے لئےگھربنائے،ہم نوجوانوں کے لئے پہلا گھر پروگرام شروع کریں گے،کسان کارڈ کے ذریعے آپ کی فصلوں کی انشورنس ہوگی،یوسی سطح پر فوڈ اسٹورز کھولے جائیں گے جو خواتین چلائیں گی،بھوک، بےروزگاری کا مقابلہ اور ماؤں بہنوں کا خیال رکھیں گے،ہم نے عوامی مسائل حل کرتے ہوئے آپ کی محرومیوں اور پسماندگی سے لڑنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آکر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ وسیع کردیں گے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح بینظیر کسان کارڈ دکا اجراء کریں گے،ہم نےخواتین کو بلاسود قرضےدیئے،آئندہ بھی دینگے،پیپلزپارٹی کی حکومت آئی توروزگارکے مواقع فراہم کرینگے۔
بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کا اعادہ کیا کہ بی بی شہید کاوعدہ نبھانےاور پاکستان بچانے کیلئےآیا ہوں۔