پشاور :پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی مختلف سیاسی جماعتوں نے مذمت کی ہے۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہارون بلور کے جاں بحق ہونے پرافسوس اور بلور فیملی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالدمقبول صدیقی کی جانب سے بھی پشاور میں اے این پی کی کارنرمیٹنگ میں دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔
رہنماایم کیوایم پاکستان فاروق ستار نے ہارون بلورپرخودکش حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد لوگوں کو خوف میں مبتلا کرکےانتخابی عمل سےدورکرنے کی کوشش کررہےہیں، ملک میں سیاسی خلاء پیدا کرکے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو پھیلانا چاہتےہیں۔چیرمین قومی وطن پارٹی آفتاب شیرپاؤ نے بھی ہارون بلورپر حملےکی شدید مذمت کی اور شہداکے درجات کی بلندی کیلئےدعاکی ،آفتاب شیرپاؤ نے مطالبہ کیا کہ حکومت تمام سیاسی قائدین کےلیے سیکورٹی کے مناسب انتظامات کرے۔
دوسری جانب قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ہارون بشیر بلور پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلور خاندان نے تین نسلیں جمہوریت اور امن کے لیے قربان کردیں، واقعہ بربریت کی بدترین مثال ہے، اس بہیمانہ عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف ، ن لیگ کے صدر شہباز شریف ، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ،بلوچستان نیشنل پارٹی کےسربراہ سردار اخترجان مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کےرہنماسابق وزیراعلیٰ قدوس بزنجو، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی اور پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے بھی پشاور دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔