افغان طالبان کومذاکرات کی میزپرلاناسب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،محمد فیصل

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نےکہاکہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اس حوالے سے پاکستان اور امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے امید ہے کہ اس میں مثبت پیش رفت ہوگی۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمت، امن کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے اور آئندہ بھی افغان مفاہمتی عمل میں ممکنہ معاونت کرتے رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے موجودہ دورمیں بھارتی مظالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
2 سال میں بھارت نے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے اور سیکڑوں کشمیریوں کو شہید، ہزاروں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم اور ہزاروں افراد شدید زخمی کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ ہرفورم پر لڑتا رہے گا، عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ بھارتی مظالم کو نوٹس لے اور کشمیریوں کے ان کے حقوق ان کی امنگوں کے مطابق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔