اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا

کراچی: اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 6.5 فیصد سے بڑھا کر ساڑھے7 فیصد کردیا ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پریس کانفرنس میں مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح بڑھ رہی ہے اورزرمبادلہ  کے ذخائرپردرآمدات کی وجہ سے دباؤ ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک کے مطابق ہماری نمو ہمارے بجٹ اوربیرونی خسارے کو بڑھا رہی ہے اوردرآمدات کی ادائیگی کے لئے ملکی خزانے میں ڈالرکم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ادھار لے کر معاملات چلاتے آرہے ہیں لیکن اسے جاری رکھنا مشکل ہے اس لئے شرح سود بڑھا کر طلب کے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

طارق باجوہ کا کہنا ہے کہ روپے کی قدرمیں کمی سے مہنگائی بڑھے گی جبکہ بجٹ خسارہ 6 اعشاریہ 8 فیصد رہنے کااندازہ ہے۔

یاد رہے کہ 2 ماہ قبل اسٹیٹ بینک نے شرح سود 50 بیسس پوائنٹس اضافہ کرتے ہوئے 6.50 فیصد کردی تھی۔