ایفی ڈرین کیس۔ روزانہ سماعت کیخلاف حنیف عباسی درخواست خارج

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے این اے 60 سے ن لیگ کے امیدوار حنیف عباسی کی ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی روزانہ سماعت کیخلاف درخواست خارج کردی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں بنچ نے حنیف عباسی کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست کی سماعت کی ،حنیف عباسی کی جانب وکیل کامران مرتضی عدالت میں پیش ہوئے ۔
وکیل حنیف عباسی نے کہا کہ 2012 سے یہ مقدمہ زیرسماعت ہے،میرے موکل نے کبھی التوانہیں مانگا،عدالت سے استدعا ہے کہ ٹرائل کورٹ کو سماعت سے روکا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکمنامہ فریقین کی رضامندی سے جاری کیا گیا،وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے متفق نہیں ،ہائیکورٹ نے غیر متعلقہ شخص کی درخواست پر فیصلہ کیا،الیکشن سے پہلے فیصلے کے حکم سے غلط پیغام جائے گا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ متفقہ حکمنامہ میں مداخلت نہیں کر سکتے ،جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ لاہورہائیکورٹ میں نظرثانی اپیل دائرکرسکتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے لاہورہائیکورٹ فیصلے کیخلاف حنیف عباسی کی درخواست خارج کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ 11 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ نے انسداد منشیات عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کی سماعت 16 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کے خلاف 30 جولائی 2012 کو 500 کلو گرام ایفیڈرین کوٹہ حاصل کر کے اس کا غیر قانونی استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔