ڈی آئی خان: متحدہ مجلس عمل کے صدر و جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ایم ایم اے کا مقابلہ مذہب کی مداخلت کو ختم کرنے والوں کے خلاف ہے اگر تحریک انصاف کی حکومت آ گئی تو ملک میں اسلام نہیں رہے گا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں ہماری جماعت کے تین کارکنان کو قتل کیا گیا، مستونگ میں خودکش دھماکا اور اکرم درانی پر حملہ ہوا ،بلور خاندان کے خوبصورت نفیس نوجوان کو مارا گیا ان سب کا کیا مقصد ہے ہم نےدھمکیوں کے باوجود الیکشن مہم نہیں روکی جب کہ پولنگ کے دن بھی خطرہ محسوس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑی گئی جنگ کے باوجود امن وامان کی خطرناک صورتحال ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسمارعیل خان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی سب سے بڑی مذہبی جماعت کے اکٹھ کا نام ہے۔
پوری قوم پر بڑی ذمے داری عائد ہوگئی ہے کہ انہوں نے اس انتخابات میں مستقبل کا فیصلہ کرنا ہےانہوں نے کہاکہ ہمیں عوام کی ضروریات کوسمجھنا ہےاور25 جولائی کوہمیں ووٹ کی پرچی سے فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں حق کا نظام چاہئے یا باطل کا نظام چاہئے ۔