اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی بارش کا پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں موسلادھار بارشوں نے جل تھل کردیا۔ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ عقبی نالے کا پل نہ بننے کی وجہ سے پانی الیکشن کمیشن کے دفتر میں داخل ہوا۔ گراؤنڈ فلور پر ہر جانب پانی ہی پانی ہے۔ عمارت کی لفٹ اور میٹنگ روم میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ملازمین عمارت سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی کو نکلنے کے لئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔
دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ سے ملاقات کرکے انہیں ضروری انتطامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ بارش میں بھی ای سی پی میں جمع شدہ پانی کے باعث کافی نقصان ہوا تھا، سی ڈی اے کو اس معاملے کا نوٹس لینے کے لیے خط بھی لکھا گیا۔