ڈیمزبنانے کیلئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ڈیمزبنانے کیلئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی منظوری دے دی ہے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ نے امن وامان اورالیکشن کی صورتحال پربریفنگ دی۔

اعلامیے کے مطابق نگران وفاقی کابینہ کے ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈزمیں دینے کافیصلہ کیا ہے جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کی 2 دن کی تنخواہ ڈیم فنڈزمیں دی جائےگی۔

اعلامیے کے مطابق گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ فنڈزمیں دیں گے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان کی ڈیمزکی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ مہم جاری ہے جس میں قوم بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اوراب تک کروڑوں جمع ہوچکے ہیں ۔