الیکشن 2018 میں ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال

 

اسلام آباد: الیکشن 2018 میں ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ انتخابات میں آر ٹی ایس کا تجربہ ہو گا۔ انتخابی نتائج مرتب کرنے کے لیے خصوصی موبائل ایپ کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

 

موبائل ایپ میںپریزائیڈنگ افسر فارم 45کی تصویر اپنے موبائل میں انسٹال اسپیشل سافٹ وئیر کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بروقت بھجوانے کے پابند ہوں گے۔ جس کے بعد پاکستان کا شمار دنیا کےان چند ملکوں میں کیا جائے گا جہاں عام انتخابات میں آر ٹی ایس کا استعمال ہوا۔

یہ تجربہ ضمنی انتخابات میں 7 بار کامیابی کے بعد عام انتخابات میں کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر کے پچاسی ہزار تین سو سات پولنگ اسٹیشنز پر تعینات پریزائیڈنگ افسران آر ٹی ایس کے ذریعہ اپنے حلقہ کے نتائج الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے پابند ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں اس حوالے سے آر ٹی ایس کا ٹیلی سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نادرا،پی ٹی اے اور دیگر ٹیلی کام کمپنیز کے تعاون سے نتائج کی بروقت ترسیل کے لئے ایک کامیاب تجربہ کرنے جا رہا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن کا آئی ٹی ونگ عام انتخابات میں نادرا کے تعاون سے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے استعمال سے نتائج کا اعلان کرے گا۔واضح رہے کہ پریزائیڈنگ افسران کی حوصلہ افزائی کے لئے آر ٹی ایس کے استعمال پر ہزار روپے کااعزازئیہ بھی دیا جائے گا۔