اسلام آباد : غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا اعلان ہوتے ہی ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا۔مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، پُرجوش کارکنوں نے پارٹی ترانوں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
الیکشن 2018ء کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پی ٹی آئی کارکنان کا جوش و خروش بھی بڑھنے لگا، پارٹی کی برتری کی خبریں آئیں تو ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کا جشن شروع ہوگیا۔اسلام آباد میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 پر عمران خان کی برتری پر کارکنو ں نے مٹھائی تقسیم کی اور بھنگڑے ڈالے۔اس موقع پر خواتین کارکنان بھی پیچھے نہ رہیں، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں اپنے لیڈر کی برتری دیکھ کر خوب نعرے بازی کی۔
میانوالی میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے ہلا گلا کیا،ملتان میں کارکنان کا جوش و خروش دیدنی تھا، جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر جشن منایا۔لاہور میں پی ٹی آئی کارکنان نے ریلیاں نکالیں، مختلف مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی اور اپنے لیڈر عمران خان کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پارٹی کو آگے نکلتا دیکھ کر پشاور اور کراچی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے جشن منایا۔