الیکشن کمیشن، عمران خان سے16 اگست تک تحریری جواب طلب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ووٹ کی رازداری پر 16 اگست تک تحریری جواب طلب کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق الیکشن کے دن عمران خان نے اپنا ووٹ کیمروں کے سامنے کاسٹ کیا تھا۔ ووٹ کی رازداری کا خیال نہ رکھنے پر آج الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ اس موقع پر عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جن حالات میں الیکشن کمیشن نے انتخابات کروائے وہ قابل فخر ہے۔ انتخابات روکنے کی کوششیں ہوتی رہیں لیکن تمام حالات کے باوجود پورا پاکستان ووٹ ڈالنے نکلا۔
عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ سماعت کے لئے 20 اگست کے بعد کی تاریخ رکھ دیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک بات ہماری مانیں اور 16 اگست کو پیش ہوجائیں۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان سے ووٹ کی رازداری نہ رکھنے پر تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔