کراچی: عمران خان کی کامیابی معیشت کے لئے بہتر ثابت ہو رہی ہے، جس کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ دونوں ہی جان پکڑ رہے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار انٹر بینک میں ڈالر صرف ایک روز میں ہی دوران ٹریڈنگ 5 روپے سے زائد نیچے آگیا اور 122 روپے 50 روپے تک جاپہنچا۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی ڈالر 2.82 پیسے کی کمی پر بند ہوا۔
انٹر بینک میں کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر کی قیمت میں بے قدری دیکھنے میں آئی اور ایک وقت پر ڈالر 5 روپے کی کمی کے بعد 122 روپے پر ٹریڈ کرتا رہا۔
انٹر بینک مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قدر 125 روپے 4 پیسے رہی۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 118 روپے رہی جب کہ قیمت فروخت 123 روپے ہے۔
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس 770 پوائنٹس اضافہ سے 43556 ریکارڈ ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 15 ارب مالیت کے 37 کروڑ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ایک ڈالر ملک کی بلند ترین سطح 128 روپے کی حد عبور کر گیا تھا تاہم اب اس میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے۔