پی کے 70 میں دوبارہ گنتی،اے این پی کے خوشدل خان کامیاب

پشاور: خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 70 میں دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی کے خوشدل خان کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے شاہ فرمان ہارگئے ہیں۔

عام انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 70 پشاور5 سے تحریک انصاف کے امیداورشاہ فرمان نے 15 ہزار404 ووٹ لئے تھے اوران کے مدمقابل اے این پی کے خوشدل خان کے حصے میں 15 ہزار 357 ووٹ آئے تھے اوراس طرح شاہ فرمان 47 ووٹوں سے کامیاب قرار دیئے گئے تھے۔

اے این پی کے خوشدل خان نے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس پر ریٹرننگ افسر نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جس میں خوشدل خان اپنے حریف شاہ فرمان پر سبقت لے گئے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق پی کے 70 میں دوبارہ گنتی کے بعد خوشدل خان 187 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے ہیں۔

واضح رہےکہ شاہ فرمان ایک اورصوبائی نشست پی کے71 سے بھی کامیاب ہوئے ہیں، اس طرح وہ کے پی کے اسمبلی کے رکن ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں 66 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے تاہم شاہ فرمان کی شکست کے بعد اس کی ایک نشست کم ہوگئی ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی خیبرپختونخوااسمبلی میں نشستوں کی تعداد اب 7 ہوگئی ہے۔