6 سال سے نیم پاگل محبوبہ کے خوف سے بھاگنے والا بس ڈرائیور

 کیا آپ یقین کریں گے کہ ایک شخص گزشتہ 6 سال سے ایک جنونی عورت کی انجانی محبت کے خوف سے بھاگتا پھررہا ہے اوراس کے انتقام کے ڈرسے ہروقت خنجر کے وار سے محفوظ رہنے والی جیکٹ پہننے رہتا ہے۔

یہ ہے لندن کا 32 سالہ اسمارٹ بس ڈرائیورایمرے مارٹن ۔

برطانوی اخبار’’ دی سن ‘‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ایمرے مارٹن کے برے دن اس وقت شروع ہوئے 2012 میں وہ ایک نیم پاگل خاتون کے ڈر سے ’’ اسٹیب پروف جیکٹ ‘‘ یعنی چاقو یا تیز دھارآلے سے محفوظ رکھنے والی جیکٹ پہننے پر مجبورہوگیا۔

6 سال پہلے ایمرے مارٹن کا بس چلانے کے دوران اچانک ایک اجنبی خاتون مسافر چارلی ہوویلزسے سامنا ہوا جو اس کے ساتھ مسلسل آنے اورجانے والے راستوں پر ساتھ رہنے لگیں۔

یہ خاتون موقع ملتے ہی اس کے ساتھ مسلسل سفر کرتی رہی اور وہ سائے کی طرح اس کے پیچھے لگی رہتی۔

ایمرے مارٹن روزانہ کئی گھنٹے بس چلاتا ہے اور یہی اس کا روزگار ہے۔

ایک مرتبہ جب ایمرے دوپہرکا کھانا کھارہا تھا تو یہ خاتون اس کے قریب آئی اورمسلسل کانپ رہی تھیں۔ خاتون نے اضطرابی کیفیت میں کہا کہ وہ بتا نہیں سکتی کہ وہ ایمرے کو کس قدر پسند کرتی ہے۔

اس اچانک اورغیرمتوقع اظہارمحبت پراس نوجوان بس ڈرائیور نے اس خاتون کو جواب دیا کہ وہ پہلے ہی ایک لڑکی سے محبت کرتا ہے اور مزید کسی لڑکی سے کوئی رابطہ رکھنے کا خواہشمند نہیں۔ اس پروہ خاتون کپکپاتے ہوئے کسی بچے کی طرح رونے لگی۔

ایمرے کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی زندگی میں کسی بالغ فرد کو اس طرح روتے نہیں دیکھا جو بہت عجیب تھا لیکن اس کے بعد صورتحال مزید گمبھیراورعجیب ہوتی گئی۔

اس کے بعد اس خاتون نے ایمرے کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ اس خاتون کو سب معلوم کرلیا کہ ایمرے مارٹن کب ڈیوٹی پرجاتا ہے اورکونسی بس چلاتا ہے۔

اس کے بعد اس خاتون نے اس کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ، گھرکا پتہ اور دیگر تفصیلات بھی معلوم کرلیں۔ اس کے بعد خاتون دن میں کئی باراسے نظرآنے لگی۔

ایمرے سخت مضطرب اورپریشان تھا کہ اس خاتون کی اس عجیب و غریب حرکت  کے باعث اس کی گرل فرینڈ نے شک کا اظہارکرتے ہوئے اس کا ساتھ چھوڑدیا ہے۔

دوسری جانب اس عجیب وغریب خاتون کی جانب سے اسے تنگ کرنے کا سلسلہ بڑھتا ہی گیا۔ ایک مرتبہ یہ خاتون ایمرے مارٹن کے گھر جاپہنچی اوراس کے بعد اسے دھمکی دی کہ وہ چاقو سے اس کا گلا کاٹ سکتی ہے۔

اس دھمکی کے بعد ایمرے نے بس چلاتے ہوئے ’’ اسٹیب پروف جیکٹ‘‘ (خنجر کے وار سے محفوظ رکھنے والی جیکٹ) پہننا شروع کردی اور گھر بھی تبدیل کرلیا۔

اس دوران پولیس  نے اس خاتون چارلی کو باربار وارننگ دینے کے باوجود اپنا رویہ تبدیل نہ کرنے پرجیل بھیج دیا لیکن وہ جیل کی مدت پوری کرنے کے بعد دوبارہ ایمرے کو تنگ کرنے لگی ، کئی مرتبہ اس کا پیچھا بھی کیا اورموبائل فون پر ٹیکسٹ میسج بھی کرتی رہی۔

پولیس نے ایمرے کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چارلی اسے قتل کرسکتی ہے کیونکہ وہ پولیس کے سامنے اپنے عزائم کا اعتراف بھی کرچکی ہے۔

اب اس خاتون کو دوبارہ گرفتارکرلیا گیا اوروہ جیل میں ہے لیکن اس دوران ایمرے کو باربارملازمت بدلنے ، کام سے غیرحاضر رہنے اورمکان بدلنے پر ہزاروں ڈالرسالانہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

جب اس نیم پاگل خاتون کو ایمرے کے خنجر کے وار سے بچانے والی جیکٹ پہننے کی خبر ہوئی تو اس نے چارلی کو جیل سے پیغام بھیجا کہ وہ نہیں تو کوئی اوراس پر حملہ کرسکتا ہے۔ اسی بنا پراب ایمرے حفاظتی جیکٹ پہننے پر مجبورہے۔

ایمرے کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اسے یہ ایک بھونڈا مذاق لگا لیکن جب اس خاتون نے اس کا پیچھا نہ چھوڑا تو اس نے پولیس سے رابطہ کیا اور اپنی روداد سنائی مگر پولیس نے بھی اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔

بعدازاں جب اس نے کئی بار پولیس اس انجانے خطرے سے آگاہ کیا تو پولیس نے اس نیم پاگل خاتون کیخلاف ایکشن لیا لیکن یہ خاتوں نہ مانی اورمسلسل اس کے پیچھے لگی رہی۔

ایمرے کی یہ انوکھی داستان برطانیہ کے کئی اخبارت میں بھی شائع ہوئی ہے اور لوگوں نے اس پربرے تعجب کا اظہارکیا ہے اورایمرے سے ہمدردی بھی ظاہرکی ہے۔

ایمرے مارٹن کے ساتھ آئندہ کیا ہوگا اورکیا وہ اس نیم پاگل محبوبہ سے جان چھڑا سکے گا یا نہیں ؟  یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن ایمرے نے اس واقعے کو زندگی کا ایک حصہ سمجھ کر قبول کرلیا ہے لیکن ایک انجانے خوف میں زندگی گزار رہا ہے۔

https://youtu.be/umXPkk9pKPc