اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ پتا نہیں الیکشن کمیشن کیسے چل رہا ہے۔ الیکشن کے دن میں نے چیف الیکشن کمشنر سے تین دفعہ رابطہ کیا کوئی جواب نہیں آیا۔ شاید وہ اس دن سو رہے تھے۔
سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشست پر امیدوار عابدہ راجا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن سے متعلق ریمارکس دیئے کہ پتا نہیں الیکشن کمیشن کیسے چل رہا ہے، جب ہمارے پاس کیسز آئیں گے تو معلوم نہیں کیا کریں گے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اچھا بھلا انتخابی عمل جاری تھا لیکن الیکشن کمیشن نے مہربانی فرما دی، میں نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے تین دفعہ رابطہ کیا کوئی جواب نہیں آیا۔ شاید وہ اس دن سو رہے تھے، اس روز تو ان کاسسٹم ہی نہیں چل رہا تھا۔