عمران خان کا نائب کپتان ہوں، مجھ سےمشاورت کرتے ہیں،شاہ محمود

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کا نائب کپتان ہوں، مجھ سے مشاورت کرتے ہیں۔
تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 1970کے الیکشن نے پاکستان کی سیاست کو عوامی رنگ دیا جب کہ 2018 کے الیکشن میں ووٹر نے واضح پیغام دیا کہ ہمیں روایتی سیاست نہیں گڈ گورننس چاہیے۔
نائب چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کو بتایا ہے کہ ہمیں کیا چیلنج ہے اور ہم نے کیا کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں اراکین کا ایک پیج پرہوناضروری ہے، اپوزیشن کے احتجاج پراعتراض نہیں، بہترہوتا پہلے قانونی طریقہ اپناتے، پی ٹی آئی نے احتجاج سے پہلےعدالت اور الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میرےعہدے کا فیصلہ پارٹی نے کرنا ہے،مشاورت جاری ہے، عمران خان ممکنہ چیلنجز کے پیش نظر بہتر فیصلے کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا نائب کپتان ہوں، مجھ سےمشاورت کرتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے نمبر گیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ واضح اکثریت کیلئے پنجاب میں 149 ووٹ درکار ہیں لیکن ہم گولڈن نمبر سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 164 اراکین شامل تھے، بہت سے ارکان آج کے اجلاس میں نہیں آسکے لیکن امید ہے اسمبلی میں ووٹنگ والے روز اراکین کی تعداد 180 سے 186 تک جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سے تحریک انصاف کی امید لگی ہے آہستہ آہستہ روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ مستحکم ہو رہی ہے، ہم نے ایک منشور دیا ہے کوشش ہے کہ اس پر دیانتداری سے عمل پیرا ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوشش ہے اپنے 100 دن کے پلان پر عملدرآمد کریں، پاکستان کے لیے تحریک پاکستان والا جذبہ درکار ہے۔