پشاور: خیبر پختونخواہ اسمبلی میں مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس سردار اورنگزیب نلوٹہ کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی 81 ووٹ لے کر اسپیکرمنتخب ہوئے اور انہوں نے اپوزیشن کے لائق محمد خان کو شکست دی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہونے کے بعد مشتاق غنی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے الیکشن کا اعلان کردیا۔
اس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے لیے محمود جان کا مقابلہ اپوزیشن کے جمشید مہمند سے ہوا جس میں محمود جان نے 78 ووٹ حاصل کیے جب کہ جمشید مہمند کو 30 ووٹ ملے۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 109 ووٹ پڑے جن میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔
محمود جان کی کامیابی کے بعد نومنتخب اسپیکر مشتاق غنی نے نومنتخب ڈپٹی اسپیکر محمود جان سے حلف لیا۔ جب کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا انتخاب کل ہوگا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی 124 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 75ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 نشستیں خالی کردی گئی ہیں جس میں سے 6 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جب کہ 3 حلقوں پر ابھی انتخابات ہونے ہیں، پی ٹی آئی کی 2 خواتین کی مخصوص نشستیں بھی خالی ہیں۔