اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاہے کہ مغربی میڈیا کوسی پیک پر تحفظات ہیں ،ا س لئے گھما کر پھرا کربات کرتاہے ، جو بھی معیشت کی بہتری چاہتاہے وہ سی پیک کی مخالفت نہیں کر سکتا ۔
نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ مغربی میڈیا کو سی پیک پر تحفظات ہیں ، اس لئے وہ جوبھی بات کرتاہے گھما پھرا کر کرتاہے تاکہ پاکستان کے مفادات کونقصان پہنچے ۔ ہمار ے وزیر خزانہ اسد عمر نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا تھا کہ آپ سی پیک سے نہ گھبرائیں بلکہ آپ اپنی سرمایہ کار ی پاکستان میں لیکر آئیں اور یہی بات عمران خان نے بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو افغانستان میں بھی سی پیک چاہتے ہیں تاکہ اس منصوبے کو بڑھایا جاسکے ۔ کابینہ میں سی پیک پر پائے جانے والے تحفظات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کا مفاد اس میں ہے کہ ملکی معیشت مضبوط ہو اور اقتصادی حالات بہتر ہوں ۔ اس لئے جو بھی معیشت کی بہتری چاہتاہے وہ سی پیک کی مخالفت نہیں کرسکتا کیونکہ یہ ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کامنصوبہ ہے ۔