برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں پر دفتر خارجہ طلب

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں تعنیات پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان سے تحریری وضاحت طلب کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے صاحبزادہ احمد خان کی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کا پتہ چلا، ان کی سرگرمیاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علم میں لائی گئیں جس پر وزیر خارجہ نے صاحبزادہ احمد خان کو دفتر خارجہ طلب کرکے انہیں تحریری جواب اور وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ پاکستان کے نجی چینل کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ایوارڈ شو کی تقریب میں اسٹیج پر اداکار جاوید شیخ، احسن خان سمیت دیگر فنکاروں کے ساتھ موجود ہیں اور بے سروپا باتیں کرتے نظر آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفیر شراب کے نشے میں دھت تھے۔ صارفین نے ان کی سرگرمیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو شخص خود کو نہیں سنبھال سکتا انہیں ہم نے بین الریاستی امور سنبھالنے کی ذمہ داری دے رکھی ہے۔