لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہےکہ میرا کل کا انٹرویو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا اور اس میں کہیں ڈیل کا لفظ نہیں تھا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےن لیگ کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ رول آف لا کی بات کی،کبھی چور دروازے نہیں ڈھونڈے،ہم نے کبھی ڈیل کی نہ کسی کو ڈیل کرنے دیں گے۔
انہوں نے وفاقی وزیراطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ہر حکومت کا بغل بچہ ہوتا ہے، ان کا دو دن پہلے بیان تھا عدلیہ اور فوج ہمارے پیچھے کھڑی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ فوج پاکستان کی ہے، اس پر ہم سب کا حق ہے، میرا کل کا انٹرویو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، انٹرویو میں کہیں ڈیل کا لفظ نہیں تھا، ہر جگہ ہر بار کہا یہ میری ذاتی رائے ہے۔
اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدالت میں پیشی کے وقت اس بارے میں کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے رانا مشہود کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔
واضح رہےمسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا تھاکہ ن لیگ سے اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کے معاملات بہت حد تک ٹھیک ہوچکے ہیں، اداروں کے تِھنک ٹینک کو احساس ہوتا جارہا ہے کہ شہباز شریف وزیر اعظم کیلئے بہتر چوائس تھے۔