کراچی :چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان کوارٹرز میں جاری آپریشن روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی میں پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی ممکنہ بے دخلی کے لیے جب پولیس آپریشن کی غرض سے علاقے میں پہنچی تو رہائشیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کردی۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 6 سے زائد پولیس اہلکار اور 10 مظاہرین زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے جائے وقوع سے فوری پولیس واپس بلانے اور پولیس کو لاٹھی چارج روکنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ مکینوں پر پولیس کا لاٹھی چارج ناقابل برداشت ہے، سندھ حکومت پاکستان کوارٹر کے مکینوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے رابطہ کرنے کے بعد پاکستان کوارٹرز میں سرکاری رہائش گاہوں کو خالی کرانے کے لیے کیے جانے والا آپریشن 3 ماہ کے لیے موخر کرنے کی ہدایت کردی۔ رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ ہم نے گورنر سندھ سے اس معاملے پر نوٹس لینے کی درخواست کی تھی جس کے بعد انہوں نے چیف جسٹس سے رابطہ کیا۔ معاملے پر نظر ثانی کرنے پر ہم گورنر سندھ اور چیف جسٹس آف پاکستان کے بے حد مشکور ہیں۔