حکومت پارلیمنٹ کوبتائےبغیراہم اوراسٹریٹیجک فیصلےکررہی ہے،رضاربانی

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کو بتائے بغیر اہم اور اسٹریٹیجک فیصلے کررہی ہے، حکومت نے امریکی وزیر خارجہ اور بعد کی ملاقاتوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے مختصر عرصے میں پارلیمنٹ کو اہمیت کو جان بوجھ کر کم کیا جارہا ہے اور پارلیمنٹ میں غیر پارلیمانی اور توہین آمیز زبان استعمال کی جارہی ہے۔

رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی انتظامات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے اور اس مالی انتظامات کی شرائط سے آگاہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اول دورہ سعودی عرب سے پہلے پارلیمنٹ نے بیل آوٹ پیکج اور سعودی عرب کی جانب سے آئل ریفائنری کی تعمیر پر بھی اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ حکومت نے اب تک ایف اے ٹی ایف سے طے ہونے والی شرائط پر بھی پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔