اسلام آباد: امریکی نائب معاون وزیر خارجہ برائے وسطی و جنوبی ایشیا ایلس ویلز دفتر خارجہ پہنچی ہیں جہاں انہوں نے اعلٰی سطح کے وفد سے ملاقات کی۔
امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلِس ویلز نے وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے مذاکرات کیے، پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری فارن آفس آفتاب کھوکھر نے کی۔ مذاکرات میں وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اعلٰی سطح کے وفود کی ملاقات میں افغانستان میں امن عامہ اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر زور دیا جب کہ وفود کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بہتری کی کوشش جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔ذرائع کے مطابق ایلس ویلز کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز کی 6 نومبر کو پاکستان آمد کا اعلان کیا تھا۔