لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سندھ سے بڑی گرفتاری کی پیشگوئی کردی۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرزلاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں کرپٹ سیاستدانوں کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں، سیاست میں نئے چہرے طلوع ہوں گے، سندھ سے بڑی گرفتاری ہوسکتی ہے، فالودے والے سے بڑا مال نکلنے والا ہے، فالودے والے کے اکاؤنٹ بتائیں گے کہ کون کون مستفید ہوا۔
شیخ رشید نے کہا کہ شریف برادران این آراو لینے کی کوشش کررہے ہیں، اللہ کوگواہ بنا کرکہتا ہوں کہ شہبازشریف، نوازشریف سے بڑا چورہے، یہ لوگ اتنے کرپٹ ہیں کہ ان کی کرپشن کی بدبو پورے برصغیرمیں پھیل جائے گی، ملک میں کرپشن کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے، نیب یہاں کیا کررہی ہے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹیزمیں موجود ریلوے کراسنگزکی وجہ سے زمینوں کی قیمت بڑھی۔
شیخ رشید نے کہا کہ میرا لیول خواجہ سعد رفیق والا نہیں، میرا لیول پاناما والا تھا اوروہ بول رہا ہے، 4 انجنوں کی قیمت کتنی ہے اوراسے کتنے میں خریدا گیا، اس حوالے سے دل چاہتا ہے کہ جنیوا کی عدالت میں کیس کروں، چین میں جا کرحقائق کا علم ہوا، شہبازشریف کا داماد علی عمران چینی کمپنیوں کا ممبر نکلا ہے، چین کا دورہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا، چین پاکستان کا ہردور کا دوست ہے۔ وزیرداخلہ اوروزیراطلاعات کا کام دھرنوں کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے، ختم نبوت کا محافظ ہوں اوررہوں گا۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ ریلوے کے تمام اسکول، اسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کرچکے ہیں، زندگی میں پہلی دفعہ احساس ہوا کہ پاکستان میں کتنی غربت اوربے روزگاری کا سمندرہے۔ انہوں نے کہا جس علاقے کی بھرتی ہوگی اسی علاقے کوترجیحی نوکری دی جائے گی، گینگ مین کی پوسٹ کے لئے ایم اے پاس نوجوانوں نے اپلائی کیا، ملتان ایکسپریس جلد شروع کی جا رہی ہے، این ایل ون کے حوالے سے اگلے ہفتے چین سے مذاکرات کا دورشروع ہو گا، سندھ اوررحمان بابا ایکسپریس کو چلانے کی تاریخوں کا جلد اعلان کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹریکنگ سسٹم کو ایکٹوکررہے ہیں، نجی شعبہ 7 کروڑمانگ رہا ہے لیکن ریلوے کے اندرہی اسے 30 لاکھ میں بنایا جائے گا، ٹریکنگ سسٹم سے ٹرین کومانیٹر کیا جا سکے گا۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی ملازم کی ٹرانسفرپوسٹنگ سے میرا کوئی تعلق نہیں میں صرف کام لینا جانتا ہوں، رائل پام کنٹری کلب سے تمام واجبات واپس لئے جائیں گے، 400 ملازمین کی مدت ملازمت میں اضافہ کیا، 10 سال سے ریٹائرڈ ہونے کے باوجود نوکری پررہنے والوں کو جانا ہوگا۔