صوابی:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیاتھا مگر اداروں کے بندہونے سے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں،حکومت کو اپنی کارکردگی کا خود جائزہ لینا چاہیے،اب تک کی حکومتی کارکردگی عوام کو مطمئن نہیں کرسکی ۔
اطلاعات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناتھاکہ حکومت نے اپنے پہلے سو دنوں کے حوالے سے اہداف دیے تھے ان میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی اور عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے ان کے علی الرغم حکومت نے بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جس سے تما م ضروریات زندگی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی وفلاحی ریاست بنانے ، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگاردینے اور پچاس لاکھ گھر تعمیر کرکے بے گھر افراد کو دینے کے وعدے کیے تھے مگر اب تک مدینہ کی اسلامی وفلاحی ریاست کی طرف حکومت نے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ابھی تک بے روزگاری کے خاتمے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے حوالے سے کوئی پالیسی سامنے لیکر نہیں آئی،پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری سے تنگ آکر اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔