فیصل واوڈاکے کمانڈواسٹائل میں چینی قونصلیٹ پہنچنے پر شدیدتنقید

کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد مسلح ہو کر پہنچنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا بھی پرائیویٹ گارڈز کے ہمراہ اسلحہ سے لیس اور بلٹ پروف جیکٹ پہن کر جائے وقوعہ پر پہنچے۔
جائے وقوعہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے آئے ہیں اور وہ ملک کے لیے لڑیں گے۔
سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کو اس معاملے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے وفاقی وزیر کی جائے وقوعہ پر اس طرح سے انٹری پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیصل واوڈا کی اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹ اور پرائیویٹ گارڈز کے ساتھ انٹری پر کہا گیا، کیا فیصل واوڈا تربیت یافتہ ہیں؟ کیا فیصل واوڈا کی انٹری فوٹو سیشن تھا؟ کیا کوئی وزیر یا ایم این اے آپریشن کے دوران اس طرح آسکتا ہے؟
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد وفاقی وزیر بھی آپے سے باہر ہو گئے اور ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جس وقت چینی قونصل خانے پر حملہ ہوا تو قریب ہی موجود تھا اور مجھے جب اس کی اطلاع دی گئی تو میں نے دیگر متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید لکھا کہ بطور پاکستانی یہ میرا حق ہے کہ لائنسس یافتہ اسلحے سے اپنا دفاع کروں۔