تحریک انصاف کی ناتجربہ کار حکومت نہیں چل سکے گی، آصف زرداری

ٹنڈو الہیار: پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ناتجربہ کار حکومت نہیں چل سکے گی اور عمران خان کو اگلا وزیراعظم جیل بھیجے گا۔
ٹنڈوالہیار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ مرغی خریدیں اور اس کے انڈے بیچ کر دیکھیں کتنی خوشحالی آتی ہے، ہم پہلے ہی کہا تھا یہ ملک نہیں سنبھال سکتے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ شقوں کا بہانہ بناکر دوبارہ ون یونٹ کی سیاست شروع کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ون یونٹ کے خلاف بھی جدوجہد کی تھی، ہماری اور ان کی سوچ میں فرق ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ یہ ناتجربہ کار حکومت ہے جسے سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، ون یونٹ کے خلاف ہم نے جدوجہد کی تھی اور موقع ملا تو آئین میں ترمیم کی، اب یہ حکومت اٹھارویں ترمیم سے متعلق کچھ شقوں کا بہانہ بناکر آئین کو منسوخ کرنا چاہتی ہے، ہم حکومت کی اس کوشش کی بھرپور مخالفت کریں گے، تاہم موجودہ حکومت نہیں چل سکے گی اور اگر اسے خطرہ ہوا تو اسے ہم نہیں بلکہ وہی طاقتیں سپورٹ کریں گی جو لے کر آئی ہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالوں گا، ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ویسی بھرنی، نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی جیل بھیجے گا۔
جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ جب تک جاں ہے یہ جنگ چلتی رہے گی، پہلے بھی مجھے قیدی بنایا گیا تھا اب بھی یہی ارادے ہیں، حکومت ہماری ہمت آزمائے ہم ان کے ظلم آزمائیں گے، جے آٰٗئی ٹی میں مجھے اور بہن فریال تالپور کو بلایا گیا ہے لیکن بلاول کو طلب نہیں کیا گیا، ہم نے سوالات کے جواب دیے ہیں، کیس چلے گا تو دیکھیں گے۔